کولکا تہ،16؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز سوربھ گنگولی نے جمعرات کو موجودہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کی جم کر تعریف کی اور کہا کہ کوہلی کرکٹ دنیا میں ان کے پسندیدہ کپتانوں میں سے ایک ہیں۔ایک اسٹیل کمپنی کے ساتھ اپنے معاہدہ کے 10سال پورے ہونے پر منعقد ایک تقریب میں گنگولی نے کہاکہ اس وقت وراٹ میرے پسندیدہ کپتان ہیں۔گنگولی نے کہاکہ وہ شاندار کھلاڑی ہیں، اب تک اپنے چھوٹے سے کیریئر میں انہوں نے ملک کے لیے کرشمائی کام کئے ہیں۔وہ جب بھی میدان پر اترتے ہیں تو مجھے وہ ایک ایسے کھلاڑی نظر آتے ہیں جو اپنی لگن ، محنت اور جیت کی بھوک سے ہندوستانی کرکٹ کی سطح کو بلند کرنے کے لیے اترتے ہیں۔کپتانی میں جارحانہ رخ کے لیے مشہور گنگولی نے مزید کہاکہ جب وہ بلے بازی کرنے اترتے ہیں یا ہندوستان کی کمان سنبھالتے ہیں تو اس جذبہ کو آپ ان کے چہرے پر واضح طور پر محسوس کر سکتے ہیں، وہ ہمیشہ بہترین کرنا چاہتے ہیں۔اس وقت ملک کو ان انتہائی ضرورت ہے اور میرے خیال سے وہ ہندوستانی کرکٹ میں نیا ہیرا ہیں ۔غورطلب ہے کہ کوہلی نے کپتانی سنبھالنے کے بعد سے 7 ٹیسٹ میچ جیتے ہیں جن مین حال ہی میں ویسٹ انڈیز پر ہندوستانی ٹیم کی بڑی جیت شامل ہے۔ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران ہی کوہلی غیر ملکی سر زمین پر ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے ہندوستان کے پہلے کپتان بھی بنے۔ہندوستان کو اب گھریلوسر زمین پر نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور پانچ بین الاقوامی ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔سیریز کا پہلا ٹیسٹ اگلے جمعرات 22؍ستمبرکو کانپور میں شروع ہوگا۔
گنگولی نے کہاکہ نیوزی لینڈ اس وقت انگلینڈ کے بعد دنیا کی شاید دوسری بہترین ٹیسٹ ٹیم ہے۔وہیں ہندوستان گھریلو میدان پر تقریبا ناقابل تسخیر ہے۔سب اسے جانتے ہیں، یہاں تک کہ نیوزی لینڈ بھی۔کانپور کے بعد دوسرا ٹیسٹ یہاں ایڈن گارڈن میں ہو گا اور یہاں اس وقت ماحول ٹیسٹ کے بالکل مناسب ہے۔گنگولی نے بتایا کہ 30؍ستمبر سے ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ایڈن کی پچ تیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایڈن کی پچ تب تک تیار ہو جائے گی۔گزشتہ دو دنوں سے بہترین دھوپ کھلی رہی ہے۔پچ تیار کرنے کے لیے اب بھی کافی وقت ہے۔پچھلی بار عالمی کپ کے دوران ہم نے برموڈا گھاس کا استعمال کیا تھا، کیونکہ یہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم میں شامل وکٹ کیپر رددھیمان ساہا 2007میں گنگولی کے آخری میچ کے بعد ایڈن میں کھیلنے والے پہلے بنگالی کھلاڑی ہوں گے۔گنگولی نے اس پر کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بنگال کے دونوں کھلاڑی ساہا اور محمد سمیع ہندوستان کے لیے کم از کم 100ٹیسٹ کھیلیں۔انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کو نیک خواہشات بھی پیش کی ۔